ریاض: برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صبح سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
دھماکوں سے قبل شہر کے رہائشیوں کو موبائل فون پر ’فضائی خطرے‘ سے متعلق انتباہی پیغامات موصول ہوئے، جن میں انہیں محفوظ مقام پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
دوسری جانب سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ ریاض میں سنے جانے والے دھماکے میزائل کو روکنے کے نتیجے میں ہوئے یا نہیں، کسی ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کی بھی اطلاع نہیں ملی۔