ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے اگلے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی سینئر سفارت کار اور وزیر مملکت لانا زکی نسیبہ کو باضابطہ طور پر نامزد کردیا ہے۔
صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے لانا نسیبہ کی نامزدگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور کو خط ارسال کیا، جس کے بعد متحدہ عرب امارات بھی عالمی ادارے کی آئندہ قیادت کے انتخاب کے عمل میں براہِ راست شامل ہوگیا ہے۔
لانا زکی نسیبہ 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اپنے سفارتی دور میں وہ جنرل اسمبلی کی نائب صدر، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی انتظامی کونسل کی صدر اور سلامتی کونسل کی دو مرتبہ صدر بھی رہیں۔
لانا نسیبہ کی نامزدگی اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین انتظامی قیادت کے انتخاب کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اہم سفارتی پیش رفت ہے۔ سیکرٹری جنرل کے انتخاب میں سلامتی کونسل کی سفارش اور جنرل اسمبلی کی تقرری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔