دوشنبے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر چینی وزیراعظم لی چیانگ سے غیر رسمی ملاقات کی، جس میں پاک چین تزویراتی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی جانب سے اجلاس میں شریک وفود کے سربراہان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔
عشائیے میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ، روس، قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس کے وزرائے اعظم سمیت منگولیا کے نائب وزیراعظم بھی شریک تھے۔
عشائیے کے موقع پر اسحاق ڈار اور لی چیانگ کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ، ہمہ موسمی تزویراتی تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔