اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنا سیاسی مؤقف اختیار کرنے کا پورا حق حاصل ہے، تاہم ان کا نقطۂ نظر مولانا فضل الرحمان سے مختلف ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہیے اور ان کی بات کو بلاوجہ فسانہ بنا دیا گیا ہے۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمان دکھی نہیں ہیں۔
معدنیات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی بہت سی باتیں قبل از وقت ہیں اور تاحال معدنیات کی نقشہ بندی بھی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس معدنیات نکالنے کے لیے مطلوبہ وسائل موجود نہیں ہیں۔ اگر معدنیات نکالنے کا عمل شروع ہوتا ہے تو اس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں، دونوں کا کردار ہوگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب کسی بین الاقوامی کمپنی کو معدنیات نکالنے کا ٹھیکہ دیا جائے گا تو اس کے بعد اس معاملے پر تنقید کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس اپنے مؤقف کے حق میں کوئی مواد ہوگا، جس کی بنیاد پر وہ یہ بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر اور مشاورتی کونسل بھی موجود ہے۔