اسلام آباد: مالدیپ کے صدر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔
مالدیپ کے صدر کے ہمراہ خاتون اول، کابینہ کے وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔
دورے کے دوران صدر محمد معیزو صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ محدود سطح اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات ہوگی۔
مذاکرات میں صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع اور بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے کسی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔