دنیا کے امن کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے، انتونیو گوتریس

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ افغانستان میں اس وقت 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں، عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا، پاکستانی پولیس افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 181 قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے اور دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور معاونت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے