واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا جلد ہی ایران سے نکل جائے گا جبکہ تیل کی قیمتیں چٹان کی طرح گرنے والی ہیں۔
ٹیکساس میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے خواہاں ہیں، تاہم سوال یہ ہے کہ آیا تہران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے قابل قبول اقدامات کرنے پر آمادہ ہے یا نہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ایران کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کو تیار ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔
امریکی صدر نے گزشتہ دنوں لاس اینجلس اور سان ڈیاگو پر مبینہ ایرانی حملوں سے متعلق اپنے متنازع بیانات بھی دہرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے حملے ہوئے تو امریکا سخت ردعمل دے گا اور اپنے ملک کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔
ٹیکساس کا یہ دورہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا تیسرا دورہ تھا، جہاں وہ وسط مدتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔
امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں ریپبلکن پارٹی کو کانگریس میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔