نیویارک: پاکستان نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی امداد کی آڑ میں افغانستان کی طالبان حکومت کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لیے مادی اور لاجسٹک معاونت فراہم کر رہا ہے۔
پاکستان کے مستقل مشن کے قونصلر محمد جواد اجمل نے بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت افغانستان میں موجود اپنے پراکسیز کے ذریعے فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) اور فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) جیسے دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور سرپرستی کر رہا ہے۔
محمد جواد اجمل نے الزام عائد کیا کہ بھارت ان گروہوں کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے فعال معاونت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ماورائے علاقائی قتل اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے کردار سے پوری دنیا واقف ہے۔
پاکستانی سفارتکار نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔