وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات، پولیو کے خاتمے اور زرعی تعاون پر گفتگو

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے، صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹل نظام اور مالی شمولیت کے شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس اہم مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اظہار کیا۔

بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اس معذور کردینے والی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا خاتمہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کی رہنمائی پر بھی وزیراعظم کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسیع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے زرعی اصلاحات سے بھی بل گیٹس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے جدت، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔

دونوں جانب سے بہتر بیجوں، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی کے فروغ اور پاکستان میں سماجی شعبوں کی بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان کے سابقہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اپنی سہولت کے مطابق جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے