وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا، صومالیہ اور کینیا کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر آسٹریا، صومالیہ اور کینیا کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسٹیان اسٹوکر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے کینیا کے صدر ولیم روٹو سے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ولیم روٹو نے پاکستان اور کینیا کے تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیا کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دی، خصوصاً خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

وزیراعظم نے مشرقی افریقی برادری کے ساتھ پاکستان کے روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے