آئی ایس پی آر کے سمر کیمپ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی طلبہ سے نشست، قومی یکجہتی پر زور

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام سمر کیمپ 2026 کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے شریک 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی۔

نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی، دہشت گردی کے چیلنجز، نوجوانوں کے کردار اور ملکی ترقی میں ان کی ذمہ داریوں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات نے قومی، سماجی اور علاقائی امور سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ نے مدلل، جامع اور حقائق پر مبنی جوابات دیے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد کی کسی بھی شکل کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کے ساتھ کریں، کیونکہ گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور مثبت سوچ ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی اصل قوت ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تا قیامت قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہیں اور قومی اتحاد، یکجہتی اور باشعور نوجوان ہی ملک کے محفوظ، مستحکم اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے