اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں 24 اگست تک توسیع کر دی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے ہفتے کے روز جاری کیے گئے نئے نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) کے ذریعے اس فیصلے کا اعلان کیا۔نئے نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ، بھارتی آپریٹڈ، بھارتی ملکیت اور لیز پر حاصل کیے گئے تمام طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی بھارتی فوجی اور سول دونوں اقسام کے طیاروں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی، اور انہیں 24 اگست تک پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے متعلق یہ فیصلہ تازہ نوٹم کے ذریعے نافذ العمل کر دیا گیا ہے، جو 24 اگست تک مؤثر رہے گا، تاہم ضرورت پڑنے پر اس میں مزید توسیع یا ترمیم بھی کی جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اپنی پروازوں کے لیے متبادل اور طویل فضائی راستے اختیار کرنا ہوں گے، جس سے پروازوں کے دورانیے اور آپریشنل اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس مرحلے پر پابندی میں نرمی یا قبل از وقت خاتمے کے حوالے سے کوئی اضافی تفصیلات جاری نہیں کیں۔