گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات، پولنگ سٹیشنز کے باہر عوام کا رش

گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے آج صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوگیا۔

ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ کے مقررہ وقت سے قبل ہی پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود تھی، جس سے عوام کے جوش و خروش کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہ انتخابات 6 سال بعد منعقد ہو رہے ہیں۔

انتخابی مہم کے دوران تمام بڑی سیاسی جماعتیں بھرپور سرگرم رہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ مانگے۔انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ضلع گلگت کی 3 نشستوں میں مجموعی طور پر 253 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ بیلٹ بکس، بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی سامان تمام پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا گیا ہے۔حلقہ نمبر 1 گلگت میں 23 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں شفیق الرحمان، الیاس صدیقی، امجد حسین اور راہِ حق پارٹی کے حمایت یافتہ مولانا سلطان رئیس شامل ہیں۔

اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 47,373 ہے، جن میں 25,412 مرد اور 21,961 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ یہاں 80 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 49 کو انتہائی حساس اور 31 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

حلقہ نمبر 2 گلگت میں 40 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں 55,849 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں جن میں 29,839 مرد اور 26,010 خواتین شامل ہیں۔ اس حلقے میں 91 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

حلقہ نمبر 3 گلگت میں سب سے زیادہ 122 امیدوار مدمقابل ہیں۔ اس حلقے میں 52,161 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں 27,351 مرد اور 24,810 خواتین شامل ہیں۔ یہاں قائم 82 پولنگ اسٹیشنز میں سے 16 کو انتہائی حساس اور 16 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پورے گلگت بلتستان میں 958,780 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، جن میں 503,772 مرد اور 455,000 سے زائد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 396 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں 266 آزاد امیدوار اور 7 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔

ووٹرز کی سہولت کے لیے مختلف حلقوں میں 2,447 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 17,500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ شفاف، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامی، سکیورٹی اور لاجسٹک اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا جمہوری حق استعمال کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے