اسکردو: گلگت بلتستان میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود افراد ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ بغیر رکاوٹ شام 5 بجے تک جاری رہی۔ پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں کا ہجوم نظر آیا۔ تمام اضلاع میں تیرہ سو اکانوے پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔الیکشن میں بارہ سے زائد جماعتیں اور آزاد سمیت تین سو چھیانوے امیدوار میدان میں ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی مجموعی طور پر تینتیس نشستوں پر مشتمل ہے۔ چوبیس نشستوں پر براہِ راست انتخابات ہوئے، چھ نشستیں خواتین جبکہ تین ٹیکنوکریٹس کیلیے مختص ہیں۔
شفاف اور پُرامن انتخابی عمل کیلیے 7678 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ اور 12 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، انتخابی عمل کی نگرانی کیلیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اسکردو میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔
پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل فونز اور ریکارڈنگ ڈیوائسز لے جانے پر مکمل پابندی عائد رہی۔ اس پابندی سے الیکشن کمیشن کے اجازت نامہ ہولڈر میڈیا نمائندے اور مبصرین مستثنیٰ ہوں گے۔