دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں، قوم اور افواجِ پاکستان ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کو تیار: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کے ساتھ مسلح افواج ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کے امن و استحکام پر آنچ نہیں آنے دیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کا عزم ہے کہ وہ کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا پوری قوت سے مقابلہ کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور مسلح افواج یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہیں اور دشمن کے کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سی ڈی ایف کی قیادت میں افواجِ پاکستان اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کی کوشش کی ہے، تاہم ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن چیلنج سے نمٹنے کے لیے متحد ہے، جبکہ افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے