اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں اس حوالے سے سماعت مکمل کرلی گئی ہے۔ نیپرا میں کراچی سمیت ملک بھر کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ ایک روپے 78 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کا فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
سماعت میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جنوری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا میں درخواست دی تھی اور فی یونٹ ایک روپے 78 پیسے اضافے کی استدعا کی تھی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری میں 8 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی، جبکہ فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 10 روپے 39 پیسے تھا، لیکن اصل فی یونٹ فیول لاگت 12 روپے 17 پیسے رہی۔
سی پی پی اے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ پن بجلی کی کم پیداوار اور بجلی کی زیادہ کھپت کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوا۔ سماعت کے دوران ممبر نیپرا پنجاب آمنہ احمد نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور توقع کے برعکس صورتحال الٹی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جنوری میں فرنس آئل والے پلانٹس کیوں چلائے گئے؟
حکام نے وضاحت کی کہ پیک ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے طلب پوری کرنے کے لیے فرنس آئل والے پلانٹس چلائے گئے۔ نیپرا کے ممبر مقصود انور نے کہا کہ جو اضافہ مانگا گیا ہے اس کی بنیادی وجہ فرنس آئل کا استعمال ہے۔ آمنہ احمد نے دوبارہ کہا کہ ابھی تک جو منصوبہ بندی کی گئی تھی، صورتحال اس کے الٹ جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق، یہ اضافے حکومتی پالیسی گائیڈلائنز کے تحت تمام الیکٹرک صارفین پر نافذ کیے جائیں گے۔