اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی، جس میں خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری میں پیش رفت اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہداری، علاقائی رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے زرعی شعبے کی جدیدکاری اور عوامی روابط کے فروغ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل اہمیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں نئے دور میں پاکستان اور چین کے مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینا ضروری ہے۔