پاکستان اور مالدیپ کا دو سال میں باہمی تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور مالدیپ نے آئندہ دو سال میں باہمی تجارت کا حجم 20 کروڑ امریکی ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے برادرانہ تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی تجویز پر دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت کو 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اقدام سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق میں مالدیپ کے اصولی مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک اسلامی دنیا کے معاملات میں بھی قریبی رابطہ اور تعاون رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، مذاکرات اور علاقائی اقتصادی تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور بحری تعاون کے شعبوں میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مل کر اپنی دیرینہ دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے