اسلام آباد: وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ میں گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان کے سرکاری قرضوں میں نمایاں اضافے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 86 ہزار 700 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جون 2016 میں سرکاری قرضوں کا حجم 19 ہزار 700 ارب روپے تھا۔ اس طرح 10 سال کے دوران سرکاری قرضوں میں 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک مجموعی سرکاری قرضوں میں مقامی قرضہ 59 ہزار 400 ارب روپے جبکہ غیر ملکی سرکاری قرضہ 27 ہزار 300 ارب روپے تھا۔
جون 2016 میں مقامی قرضہ 13 ہزار 600 ارب روپے اور غیر ملکی سرکاری قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے تھا۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2017 تک مجموعی سرکاری قرضوں کا حجم 21 ہزار 400 ارب روپے ہوگیا تھا، جو جون 2018 تک بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
اسی طرح جون 2019 تک سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 32 ہزار 700 ارب روپے اور جون 2020 تک 36 ہزار 400 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2021 تک سرکاری قرضوں کا حجم مزید بڑھ کر 39 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا، جس کے بعد آئندہ برسوں میں بھی قرضوں کے حجم میں مسلسل اضافہ جاری رہا۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2016 سے جون 2026 کے دوران سرکاری قرضوں میں تقریباً 340 فیصد اضافہ ہوا، جس کے باعث مجموعی سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا۔