وزیراعظم کا ملک بھر میں کاروباری سہولت کیلئے ریگولیٹری اصلاحات تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں، حکومت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔

انہوں نے ریگولیٹری رجسٹری تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود تمام ریگولیٹری تقاضوں، قواعد اور ضوابط کو ایک جامع نظام کے تحت مرتب کیا جائے۔

وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی کیلئے آسان کاروبار ایکٹ ملک بھر میں نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ تمام صوبوں کے ریگولیٹری نظام میں ہم آہنگی پیدا ہو اور کاروباری افراد کو یکساں سہولیات میسر آئیں۔

انہوں نے ریگولیٹری اصلاحات کے اثرات اور افادیت کا جائزہ لینے کیلئے تیسرے فریق سے توثیق کرانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ اصلاحات کے عملی نتائج کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کاروبار میں آسانی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، سرمایہ کاروں کو سازگار اور سہل کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی جانب سے کی گئی ریگولیٹری اصلاحات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو اصلاحات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ ان سے بھرپور استفادہ کر سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے