لاہور میں کھلے مین ہول نے ماں اور بچی کی جان لے لی، 18 گھنٹے بعد لاش برآمد

لاہور: بھاٹی گیٹ کے قریب داتا دربار کے اطراف کھلے مین ہول میں گرنے سے ماں اور کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے شہر بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ ماں کی لاش ملنے کے بعد تقریباً 18 گھنٹے کی طویل تلاش کے بعد بچی کی لاش بھی سگیاں کے مقام سے برآمد کر لی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی رات پیش آیا، جس کے فوراً بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ پہلے خاتون کی لاش آؤٹ فال روڈ ڈسپوزل سے نکالی گئی جبکہ بچی کی لاش آج ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم نے نکالی۔ آپریشن میں 50 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا اور تین ٹیمیں مسلسل سرگرم رہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی شناخت سعدیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پورے واقعے کی نگرانی کی گئی، جس سے ثابت ہوا کہ اہل خانہ کا بیان درست تھا۔ خاندان رکشے پر آیا، داتا دربار حاضری دی اور واپسی پر یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ خاتون کے شوہر کو حراست میں نہیں لیا گیا بلکہ صرف معلومات حاصل کی جا رہی تھیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی ہے، جبکہ غفلت کے مرتکب بعض افسران کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندان کی خواہش کے مطابق قانونی عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے