واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون زیادہ عرصے تک اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب صدر ٹرمپ فرانس کو اپنے مجوزہ ’’غزہ بورڈ آف پیس‘‘ میں شامل کرنے میں ناکام رہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اس پیشکش کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔
اس ردِعمل پر صدر ٹرمپ نے فرانس سے درآمد ہونے والی شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی اور سوشل میڈیا پر کہا کہ میکرون کو کوئی پسند نہیں کرتا اور وہ جلد عہدہ چھوڑ دیں گے۔
اسی دوران صدر ٹرمپ نے میکرون کا ایک نجی پیغام بھی شیئر کیا، جس میں فرانسیسی صدر نے گرین لینڈ سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر حیرت کا اظہار اور G7 تعاون کی تجویز دی تھی۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے امریکی ٹیرف دھمکیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین متحد ہو کر جواب دے گی۔
میکرون واضح کر چکے ہیں کہ وہ اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے اور استعفیٰ دینے سے انکار کر چکے ہیں۔