کراچی، رہائشی پلازے میں سلنڈر دھماکہ، 1 شخص جاں بحق

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی فائیو اسٹار چورنگی کے قریب واقع بسم اللہ ریزیڈنسی میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث 1 لڑکا جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز تقریباً 2 کلومیٹر دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور رہائشی گھروں سے باہر نکل آئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ ایک رہائشی فلیٹ میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا جس کے بعد آگ نے تیزی سے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اطلاع ملتے ہی تھانہ نارتھ ناظم آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا جبکہ ایمبولینسز بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں اور 1 باؤزر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیتے رہے۔ امدادی اہلکاروں نے عمارت میں موجود دیگر رہائشیوں کو بحفاظت باہر منتقل کیا جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ زخمی ہونے والوں میں تسلیم نامی شخص 90 فیصد اور حنین نامی شخص 80 فیصد تک جھلس گئے ہیں۔

دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گیس سلنڈر میں لیکیج کے باعث پیش آیا تاہم حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہو سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے