مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا، جہاں معزز مہمان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کے آغاز پر پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مالدیپ کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کا ڈاکٹر محمد معیزو نے معائنہ بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا، جبکہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کروایا۔

اس موقع پر مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

تقریب کے دوران پاکستان اور مالدیپ کی ترقی اور دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے