راولپنڈی: مملکت سعودی عرب کے پاکستان میں نومنتخب سفیر ڈاکٹر راجح تامی البغامی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں شخصیات نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور تزویراتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ڈاکٹر راجح تامی البغامی کو پاکستان میں سعودی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی سفارتی مدت دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اور تزویراتی شراکت داری کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔