کیف: یوکرینی فضائیہ نے اعتراف کیا ہے کہ مغربی شراکت داروں سے ضروری انٹیلی جنس معلومات بروقت موصول نہ ہونے کے باعث یوکرین کا فضائی دفاع روسی بیلسٹک میزائلوں کا بروقت سراغ لگانے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا۔
یوکرینی فضائیہ کے ترجمان یوری اگنات کے مطابق روسی بیلسٹک میزائلوں کی پرواز سے متعلق اہم معلومات مغربی شراکت داروں کی جانب سے وقت پر موصول نہیں ہوئیں۔ انہوں نے اس تاخیر کی وجہ تکنیکی مسائل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا واقعہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روسی میزائلوں کی نشاندہی اس وقت ہوئی جب کیف پر حملہ جاری تھا اور یوکرینی ریڈار نظام نے خود اہداف کا سراغ لگایا۔
یوکرینی ذرائع ابلاغ نے 12 اکتوبر کی شام رپورٹ کیا تھا کہ کیف میں فضائی حملے کا انتباہ جاری ہونے سے پہلے ہی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔
بعد ازاں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی تصدیق کی کہ رات کے وقت ہونے والے دھماکوں سے قبل یوکرین کو اپنے مغربی شراکت داروں سے انٹیلی جنس معلومات موصول نہیں ہوئی تھیں۔
زیلنسکی نے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو یوکرین کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اس کی ضرورت پر زور دیا۔