ملتان: کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس ملتان میں حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 4 مسافر جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک کردیا گیا ہے۔
ریلوے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حادثے کی شکار رحمان بابا ایکسپریس کی بوگی نمبر 9 میں خرابی موجود تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملتان میں حادثے سے قبل رحمان بابا ایکسپریس کو روہڑی کے قریب روک کر بوگی نمبر نو کو چیک کیا گیا تھا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کیا یہ خرابی دور کر دی گئی تھی یا ٹرین کو جان بوجھ کر خرابی کے ساتھ روانہ کر دیا گیا تھا۔
رحمان بابا ٹرین کو ملتان شیر شاہ کے قریب حادثہ آج صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے زوردار دھماکا ہوا تھا۔