اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایتھوپیا، روانڈا اور تاجکستان کے سفارتی نمائندوں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا، روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو اور تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زودہ نے وزیر دفاع سے ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران دفاع اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا، روانڈا اور تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
ترجمان کے مطابق تینوں ممالک کے سفارتی نمائندوں نے پاکستان کے ساتھ جاری تعاون کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں روابط اور تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔