اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت مختلف اہم معاملات زیر بحث آئے۔
نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے علاقائی تنازعات کے حل، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری کا حوالہ دیتے ہوئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو مؤثر ترین ذرائع سمجھتا ہے اور علاقائی و عالمی امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور عالمی سطح پر امن، مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔