گورنر خیبرپختونخوا کا پی ٹی آئی کو چیلنج، لانگ مارچ اٹک سے آگے نہیں بڑھنے دیں گے

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ اٹک سے آگے نہیں جا سکتا، پی ٹی آئی میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ اس سے آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ 20 لاکھ افراد کے اجتماع کے دعوے کے باوجود اتنے لوگ کہاں ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو لوگ آئین اور قانون کو نہیں مانتے، ان کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول جب دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آتا ہے تو پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کے خلاف اقدامات کیے جاتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے تحریک انصاف کو سیاسی جماعت تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ چار فرنچائزز پر مشتمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے حالات خراب ہو چکے ہیں، سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے بھتہ دینے کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے موجودہ وزیراعلیٰ پر صوبے میں مؤثر کنٹرول نہ ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے، تاہم صوبائی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کے بجائے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے حالیہ ملاقات میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات اور لانگ مارچ سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی۔

ان کے مطابق لانگ مارچ کے دوران سکیورٹی خدشات موجود ہیں اور یہ سوال اہم ہے کہ اگر کوئی شرپسند عناصر مارچ میں شامل ہو کر اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کریں تو انہیں روکنے کا کیا انتظام ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے