اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف سمیت پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے بھارت و پاکستان میں فوجی مبصر گروپ کے صدر دفتر کا دورہ بھی کریں گے، جبکہ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران کثیرالجہتی نظام کے فروغ، عالمی امن و سلامتی، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہ کے نظام کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورے کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعاون کا اعادہ کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ عالمی امن اور ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی قیادت اور اہم خدمات کو سراہنے کا بھی موقع فراہم کرے گا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ انتونیو گوتریس کا آئندہ دورہ اقوام متحدہ کو مرکزیت حاصل کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں سے وابستگی کا عکاس ہے۔