مذاکرات میں ڈیڈلاک کی بنیادی وجہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہ ملنا ہے، اسد قیصر

پشاور: اپوزیشن کے مذاکراتی رکن اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک کی بنیادی وجہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک سیاسی قیادت کی رسائی نہ ہونے کو قرار دیا ہے۔

پشاور سے جاری اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ سب سے پہلے سیاسی قیادت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے تمام مطالبات واپس لینے کی پیشکش کرتے ہوئے حکومت سے کہا تھا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ سیاسی قیادت کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔

سابق اسپیکر کے مطابق حکومت کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا معاملہ فی الحال معاہدے میں شامل نہیں ہوگا اور اس پر غور بھی نہیں کیا جاسکتا، جس کے باعث مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوا۔

اسد قیصر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی جاتی تو پالیسی کیسے بنے گی؟ مسلم لیگ ن ہر معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف سے مشاورت کرتی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سے مشاورت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور اس وقت جیل میں ہیں، ایسے میں اپوزیشن کی جانب سے پالیسی سازی کے لیے ان سے مشاورت اور ہدایات لینا ضروری سمجھا جاتا ہے۔

اسد قیصر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی کے مطالبے کو دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں اور اسے دہشت گردی کی شکل دینا مناسب نہیں۔

سابق اسپیکر نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حالیہ مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت کا معاملہ اہم نکات میں شامل رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے