قصور: بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 نہتے پاکستانی شہری شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز نے پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب 3 پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کی۔ تینوں شہری لدھڑ گاؤں کے رہائشی تھے۔
ذرائع کے مطابق شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے مبینہ طور پر بغیر کسی وارننگ کے انہیں نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ تینوں شہری نہتے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں عظمت رسول اور محسن جٹ شامل ہیں، جن کا تعلق جٹاں والی حویلی لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے واقعے کے بعد پاکستانی شہریوں کو درانداز قرار دیا، تاہم سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
سکیورٹی ذرائع نے بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کو بارڈر معاہدے اور طے شدہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔