اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا سمیت ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
مشترکہ وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہوں گے۔
وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر متعلقہ امور پر مذاکرات کرے گا۔