اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ آج ہونے والے مذاکرات سے یہ تاثر نہیں لینا چاہیے کہ اگر تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ مؤخر کر دیا گیا تو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے معاملے کو بھی ختم سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت سے کہا جائے گا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے معاملے پر وفاقی حکومت سے تعاون کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تمام پہلوؤں پر کام مکمل کیا جا چکا ہے اور حتمی فیصلہ متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا تھا کہ اگر وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کیا تو ان کی جماعت ہر ممکن آپشن استعمال کرے گی۔
ادھر آج قومی اسمبلی کے اسپیکر چیمبر میں حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کرے گا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور خیبر پختونخوا سے متعلق معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔