اسلام آباد: پاکستان نے آپریشن غضب لِلحق اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کے تحت افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر منظم اور محدود فضائی کارروائیاں کی ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق معتبر خفیہ معلومات کی بنیاد پر افغانستان میں دو مقامات پر فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور ان کے معاون گروہوں کے دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو درست نشانہ بنایا گیا۔
وزارت اطلاعات نے بتایا کہ کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ٹھکانوں میں ذخیرہ کیا گیا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ شہریوں کو نقصان نہ پہنچے اور کوئی ضمنی نقصان نہ ہو۔
وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم پاکستانی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
وزارت نے کہا کہ افغانستان کا مسلسل دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا باعث تشویش ہے اور پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے ہے، اسی تناظر میں دہشت گردوں کے مراکز کو کارروائی کا ہدف بنایا گیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آپریشن غضب لِلحق کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔