دبئی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہ ہونے کے باوجود دونوں ٹیموں کو گروپ مرحلے میں ایک ساتھ رکھنے کی توقع ہے، جبکہ تجارتی شراکت داروں نے بھی پاک بھارت مقابلے کو گروپ مرحلے میں یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے مقابلوں میں پاک بھارت میچ کو نشریاتی ادارے اور تجارتی شراکت دار اب بھی انتہائی اہم سمجھتے ہیں، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے ایک ہی گروپ میں شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کی رونمائی کل جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں کی جائے گی، تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہوگی۔
14 ٹیموں پر مشتمل عالمی کپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کے لیے ایک سالہ الٹی گنتی یکم اکتوبر سے شروع ہوگی۔