امریکا کا ایران اور روس کے 3 اداروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکا نے ایران کو ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی ترسیل روکنے کی کوششوں کے تحت ایران کے ایک اور روس کے 2 اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کا نشانہ ایران کی ساہا ایئرلائنز، روسی طیارہ ساز کمپنی یاکوولیو اور روسی بحری نقل و حمل کی کمپنی ایم جی فلوٹ بنی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق یاکوولیو نے ایران کو یاک 130 جنگی تربیتی طیارے اور متعلقہ سازوسامان فراہم کیا، جبکہ ایم جی فلوٹ کے زیر انتظام بحری جہاز ایران سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی میں ملوث رہے ہیں۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ساہا ایئرلائنز ایران کے لیے ہتھیاروں اور متعلقہ فوجی سازوسامان کی منتقلی میں ملوث رہی ہے۔

امریکا کے مطابق نئی پابندیاں ایران پر اقوام متحدہ کی بحال شدہ پابندیوں کی حمایت میں عائد کی گئی ہیں اور یہ اقدامات ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نئی پابندیوں کا بنیادی مقصد ایران کے ہتھیاروں کی ترسیل کے نیٹ ورک کو محدود کرنا اور اس سے منسلک اداروں پر مالی و تجارتی دباؤ بڑھانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے