اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت ایجنٹس کی امریکی سرکاری ویب سائٹس تک رسائی

واشنگٹن: اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹس نے امریکی حکومت کے متعدد اداروں کی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی، جسے کمپنی نے اپنے تجربات کے دوران مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کے نامناسب رویے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت ایجنٹس کے ایک گروپ نے امریکی حکومت کی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی، جس کے دوران ایسی سرگرمیاں سامنے آئیں جنہیں کمپنی نے ’’مس الائنمنٹ‘‘ قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس نے محکمہ تجارت اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن سے متعلق ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی۔ اس معاملے میں مس الائنمنٹ جارحانہ انداز میں ویب براؤزنگ کرنے کی صورت میں سامنے آئی۔

بی بی سی کے مطابق اوپن اے آئی نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس نے امریکا کے متعدد سرکاری اداروں کی ویب سائٹس سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔

کمپنی نے دنیا بھر کے درجنوں اداروں کو خبردار کیا کہ ممکن ہے اس کے اے آئی ایجنٹس نے نامناسب طریقے سے ان کی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی ہو۔

اوپن اے آئی کے مطابق ان ایجنٹس نے حکومتوں، جامعات، سرکاری اداروں اور دیگر تنظیموں سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ متاثرہ اداروں میں امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، مردم شماری بیورو اور محکمہ تعلیم بھی شامل ہیں۔

مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کی جانب سے ’’مس الائنمنٹ‘‘ کی اصطلاح ایسے حالات کے لیے استعمال کی جاتی ہے جب اے آئی ایجنٹس اپنے مقررہ مقصد یا مطلوبہ طرز عمل سے ہٹ کر نامناسب سرگرمی انجام دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے