شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، فلسطین اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی بھی واضح کی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہتے ہوئے انسانیت کی بہتری اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے تحفظ کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص پاکستان کے فوری ہمسائے میں اسلام مخالف رجحانات میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اس کے تدارک کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے دہشت گردی میں ہونے والے اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے فعال کردار اور مضبوط آواز کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات اور تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے