نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہا اور امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہتے ہوئے معاشرے کی خدمت اور شہری شمولیت کی روایت کو قابل قدر قرار دیا۔
وزیراعظم نے آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت کے ذریعے معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر تشکر کا اظہار کیا اور خطے میں جاری جنگ کے تناظر میں علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پرنس رحیم آغا خان نے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی سمیت انسانی ترقی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت دی تاکہ کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کیا جا سکے۔