چینی صدر کا امریکا اور ایران پر اسلام آباد مفاہمت کی طرف واپسی پر زور

واشنگٹن: چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کی جانب واپس آئیں اور اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کی طرف پیش رفت کریں۔

وائٹ ہاؤس پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول نے چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران چینی صدر نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران ایک جامع معاہدے تک پہنچیں گے، جس میں جوہری معاملے سمیت دیگر امور کا بھی حل شامل ہو۔

چینی سرکاری خبر رساں ادارے شینہوا کے مطابق شی جن پنگ نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔

چینی صدر نے کہا کہ چین ہمیشہ تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے احترام کے مؤقف پر قائم رہا ہے۔ چین متعلقہ فریقوں کو پُرامن حل کے لیے اپنے عزم پر قائم رہنے کی ترغیب دیتا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں اور امریکا چین کے ساتھ متوازن تجارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق ملاقات میں سلامتی اور مصنوعی ذہانت سمیت اہم امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے