اسلام آباد — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بدھ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 159 کلومیٹر تھی، جس کے باعث جھٹکے دور دراز علاقوں تک محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے اثرات اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ سوات، مالا کنڈ، مظفرآباد، گلگت، اسکردو، ایبٹ آباد اور ملک کے دیگر شمالی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں شہریوں میں شدید خوف پایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔