وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی دورے کے دوران ان کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے، امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی اور ثالثی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔

وہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی امور پر پاکستان کی ترجیحات بھی پیش کریں گے۔

وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل عرصے سے جاری قبضے اور عوام کو حق خودارادیت سے محرومی کے مسائل پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم ترقی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر اہم امور سے متعلق متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے