اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتے کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمدورفت کی اہمیت پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ توانائی کی فراہمی اور بحری نقل و حرکت میں رکاوٹوں کے اثرات ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کی سپلائی اور بحری راستوں کی صورت حال پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لیے اہم بن گئی ہے۔ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے بیرونی ذرائع پر انحصار کرتا ہے، اس لیے خطے میں تیل، گیس اور دیگر توانائی کی ترسیل میں رکاوٹ عالمی سپلائی چین کے ساتھ پاکستان کا توانائی کا شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔
اسی تناظر میں پاکستانی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے گفتگو میں توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن اور استحکام یقینی بنانے کا قابلِ عمل راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تازہ علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔