نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی سیاستدان ششی تھرور کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے پاکستان مخالف بیانیہ سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا۔
کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے اپنے ایک کالم میں مودی سرکار کی ہندو انتہا پسندی سے ایک بار پھر پردہ چاک کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بی جے پی نے پاکستان مخالف بیانیہ اپنے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا۔
ششی تھرور لکھتے ہیں کہ پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی ناکام ہو چکی۔ اب خود بھارت میں پاکستان دشمن پالیسی پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور بی جے پی کے بیانیے کو اندرونی چیلنج کا سامنا ہے۔
بھارتی سیاستدان نے مزید کہا کہ پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی بھارتی پالیسی خود فریبی اور بی جے پی کا سخت موقف غلط ثابت ہوا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی تصادم کی سیاست خطے کو غیر محفوظ بنا رہی ہے۔
ششی تھرور نے کہا کہ پاکستان سے مذاکرات کے بغیر امن ممکن نہیں اور پاکستان سے بات چیت کسی کی بھی شکست نہیں ہے۔
دریں اثنا بھارتی سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مستقل دشمنی کی پالیسی کے خلاف بھارت میں آوازیں بڑھتی جا رہی ہیں اور بھارت کا سنجیدہ طبقہ پاکستان سے مذاکرات کا حامی ہے۔