امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے، روسی میڈیا کا دعویٰ

روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔

 روسی میڈیا نے یہ بات ایران اور پاکستان میں ذرائع کے حوالے سے کہی اور  ساتھ ہی بتایا کہ جنگ بندی میں آبنائے ہرمز سے آزادانہ نیوی گیشن بھی شامل ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق سرکاری طور پر جنگ بندی کا اعلان چند روز میں متوقع ہے۔ مذاکرات اور تکینکی میٹنگز اس کے بعد ہوں گی۔

جون کے وسط میں دونوں فریقوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھےجس کی بنیاد پر امن معاہدہ طے پایا جانا تھا مگر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوبارہ کشیدگی کاآغاز کردیا گیاتھا۔

تاہم پچھلے چند ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان نئی جنگ بندی کیلئے ثالثوں کے ذریعے کسی ڈیل پر پہنچنےکی کوشش کی جاتی رہی ہے۔اسی دوران امریکا کے صدر نے ایران کیخلاف معاشی جنگ کا اعلان کیا تھا اور دنیا کو خبردار کیا تھاکہ ایران کا معاشی گھیرا تنگ کرنے میں امریکا کا ساتھ نہ دینے والے ممالک کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو ایران نے جنگ میں اعتراف شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکا اب جنگ سے دنیا کی توجہ ہٹانےکی کوشش کررہا ہے تاکہ داخلی بحران سے بچ سکے تاہم اس اقدام سے امریکاکوپہلے سے بھی بڑی شکست ہوگی۔

واضح رہے کہ ایران یا امریکا کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے