سعودی عرب اور فرانس کا پیرس میں سرمایہ کاری گول میز اجلاس کا انعقاد

سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ فرانس کےموقع پرسعودی فرانسیسی سرمایہ کاری گول میز اجلاس ہوا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، کاروباری شخصیات اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ فرانس کے موقع پرسعودی وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے منعقد کیاگیا،اجلاس میں توانائی،مالیاتی خدمات، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید مینوفیکچرنگ، ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس، گیمنگ، سیاحت اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرسعودی وزیرسرمایہ کاری فہد بن عبدالجلیل السیف نےکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک صدی پرمحیط ہیں،ٹیکنالوجی،صنعت،مالیاتی اورجدت کے شعبوں میں فرانسیسی مہارت سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نےبتایا کہ سعودی عرب میں فرانسیسی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 2024 میں 16.3 ارب یورو تک پہنچ گیا،جو پانچ برس میں دگناہوا،جس کے بعد فرانس سعودی عرب میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا چوتھا بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔

سعودی وزیر نےکہافرانسیسی سرمایہ کاروں کے پاس 18 شعبوں میں 650 سے زائد سرمایہ کاری لائسنس ہیں، جبکہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری تقریباً 6.1 ارب یورو رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.4 فیصد زیادہ ہے۔

فرانسیسی وزیرمعیشت وخزانہ رولان لیسکیور نےسعودی عرب اورفرانس کےدرمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ توانائی اور لاجسٹکس سیکیورٹی دونوں ممالک کے تعاون کے اہم شعبے ہیں۔

رولان لیسکیور نےسعودی عرب کو یورپ اور مشرق وسطیٰ کے درمیان اہم رابطہ قرار دیا اور سعودی وژن 2030 اور فرانس 2030 کے درمیان ہم آہنگی کو بھی اجاگر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے