تجزیاتی رپورٹ/ ایڈیٹوریل ٹیم
مشرقِ وسطیٰ کی سیاست ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہے جہاں پرانے اتحاد اپنی افادیت پر سوالات کا سامنا کر رہے ہیں اور نئے تزویراتی انتظامات تیزی سے زیرِ بحث آ رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں پاکستان، سعودی عرب، قطر اور ممکنہ طور پر ترکی و دیگر خلیجی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے کی خبریں محض سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک بڑی جغرافیائی تبدیلی کی علامت بھی سمجھی جا رہی ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک میوچل ڈیفنس ایگریمنٹ (SDMA) کو بعض مبصرین ایک ایسے فریم ورک کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو مستقبل میں وسیع تر علاقائی دفاعی تعاون کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ قطر اس معاہدے میں شمولیت پر ابتدائی مشاورت کر رہا ہے، جبکہ کویت کی رضامندی کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔ اگرچہ ان پیش رفتوں کی مکمل سرکاری تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں، لیکن سفارتی رابطوں میں تیزی اس امر کی نشاندہی ضرور کرتی ہے کہ خطے کے ممالک اپنی سلامتی کے لیے نئے راستے تلاش کر رہے ہیں۔
اس ممکنہ اتحاد کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ صرف فوجی تعاون تک محدود نہیں دکھائی دیتا بلکہ دفاعی ٹیکنالوجی، مشترکہ پیداوار، سائبر سیکیورٹی، فضائی دفاع، انسدادِ ڈرون صلاحیتوں اور انٹیلی جنس کے تبادلے جیسے شعبوں کو بھی محیط ہے۔ یہی وہ عناصر ہیں جو جدید جنگوں میں روایتی فوجی طاقت سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
پاکستان اس منظرنامے میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ ایک پیشہ ور اور تجربہ کار فوج، دفاعی صنعت میں مسلسل پیش رفت، اور خطے میں اہم جغرافیائی محلِ وقوع اسے ایک ایسا شراکت دار بناتے ہیں جسے نظر انداز کرنا آسان نہیں۔ دوسری جانب قطر اور سعودی عرب کے مالی وسائل اور ترکی کی دفاعی ٹیکنالوجی، اگر کبھی ایک مشترکہ فریم ورک میں جمع ہوتے ہیں، تو یہ علاقائی توازن پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا خطے کے ممالک اب اپنی سلامتی کے لیے امریکہ پر انحصار ختم کردینا چاہیے؟ حالیہ برسوں کے واقعات نے خلیجی ریاستوں کو یہ سوچنے پر ضرور مجبور کیا ہے کہ امریکہ کی روایتی دفاعی ضمانتیں ہر بحران میں مؤثر ثابت نہیں ہوتیں۔ یہی وجہ ہے کہ علاقائی سطح پر دفاعی تعاون اور مشترکہ صلاحیتوں کی تعمیر پر پہلے سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ کوشش نیٹو طرز کے کسی مضبوط اتحاد میں تبدیل ہو جائے گی، لیکن اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا ایک نئی تزویراتی ترتیب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اگر یہ عمل جاری رہا تو آنے والے برسوں میں خطے کی دفاعی، سفارتی اور سیاسی حرکیات ماضی سے مختلف ہو سکتی ہیں، اور یہی تبدیلی عالمی طاقتوں کے لیے بھی نئے چیلنجز اور نئے مواقع پیدا کرے گی۔