بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز سرگرم، دہشت گردوں کو سہولت فراہم

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز فعال ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین پر موجود عناصر بلوچستان میں دہشت گردوں کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے کے نام پر جرائم پیشہ افراد تحفظ حاصل کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں تیل اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ بھی جاری ہے اور جرائم پیشہ عناصر اس سے پیسہ کما رہے ہیں۔ حکومت اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے، اور ان عناصر کا قوم پرست یا سیاسی ہونے کا کور ختم ہو گیا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جرائم پیشہ گروہ کاروباری نقصانات کو کم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ ایرانی تیل 40 روپے فی لیٹر خرید کر کراچی میں 200 روپے فی لیٹر بھیجا جا رہا ہے، اور روزانہ تقریباً 4 ارب روپے کرپشن سے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں بیوروکریسی اور جرائم پیشہ افراد کا گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کا 40 فیصد رقبہ بلوچستان میں ہے، آبادی کم ہے اور تقریباً ہر 35 کلومیٹر پر ایک شخص آباد ہے، اتنے وسیع علاقے پر کنٹرول رکھنا آسان نہیں۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے